لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اہم فیصلے کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف اور سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلیٰ کارکردگی مرکز (ہائی پرفارمنس سینٹر) اور صوبائی ٹیموں کیلئے کوچز شارٹ لسٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کے تحت سابق کپتان محمد یوسف کو ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری دے دی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کے تحت محمد زاہد کو باؤلنگ کوچ جبکہ عتیق الزمان کو وکٹ کیپنگ کوچ بنایا جاسکتا ہے جبکہ عبدالرزاق ناتجربہ کار آل راؤنڈرز کی رہنمائی کیلئے منتخب کر لیے گئے۔ غلام علی اور باسط علی کو بھی کوچز لسٹ کا حصہ بنا لیا گیا تاہم حتمی تقرری کا اختیار بورڈ کے پاس ہے۔
ہائی پرفارمنس سینٹر میں محمد زاہد نوجوان باؤلرز کی رہنمائی کریں گے جبکہ شعیب اختر کی طرف سے باؤلنگ کوچ کے اِس سطح کے عہدے میں دلچسپی کا اظہار ابھی تک سامنے نہیں آیا۔ دیگر سابق کرکٹرز صوبائی کرکٹ ٹیموں کے ساتھ کام کرنے پر رضامند نظر آتے ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کو رواں برس اکتوبر کے دوران پاکستان دورے اور کرکٹ سیریز کھیلنے کی دعوت دی۔
پاکستان بورڈ کی خواہش ہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان آئے اور یہاں پاک انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی کے 3 میچز کھیلے جائیں جس پر دونوں کرکٹ بورڈز ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔
مزید پڑھیں: پی سی بی کی انگلینڈ بورڈ کو پاکستان کے دورے کی دعوت