لاہور:متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن بھی کورونا وائرس کا شکار بن گئے، خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جس کے بعد میں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے، انہوں نے کہا کہ اے پی سی کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کا پیغام ملا، آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے دوران ہی گھر روانہ ہوگیا اور اب خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، جبکہ آج مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف، ڈاکٹر رمیش کمار چاؤلہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار 536 تک جا پہنچی ہے، اس دوران ایک دن میں 101افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 834 نئے کیسزسامنے آگئے ہیں۔ پنجاب میں 45 ہزار 463، سندھ میں 43 ہزار 709، خیبر پختونخوا میں 15 ہزار 206، بلوچستان میں 7 ہزار 335، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 18، اسلام آباد میں 6 ہزار 236 جبکہ آزاد کشمیر میں 488 کیسز رپورٹ ہوئے۔