لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ٹرین کے کرایوں میں 10فیصد کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پسنجر ٹرین آپریشن کی بحالی کے لئے اپنا کیس نظر ثانی کیلئے پیش کرنے جارہے ہیں اور امید ہے کہ عید الفطر سے قبل ٹرینیں چلانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اب بھی نیب کامیاب نہ ہوا تو اپنی اہمیت کھو دے گا، جس دن چینی کی فرانزک رپورٹ آئی وزیر اعظم عمران ایکشن لیں گے کیونکہ اس پر ایکشن لینا مجبوری ہے،کشمیر کے حالات پاکستان اور بھارت کے درمیان چھوٹے بڑے تصادم کا باعث بن سکتے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ نیب شہباز شریف سے جو بھی سوال پوچھتا ہے تو وہ کہتے ہیں میں کاغذ لندن میں بھول آیا ہو ں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ انہیں لندن جانے کی اجازت ملے گی۔
امریکہ اور چین دونوں ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں اور یہ سنجیدہ ہوتے جارہے ہیں۔ پاکستان جغرافیے کا سب سے اہم ملک ہے اور اس کی ذمہ داریاں بڑھنے جارہی ہیں۔ ایسے حالات میں بھارت شرار ت کر سکتا ہے، اس نے کشمیر میں دوبارہ آگ لگانا شروع کر دی ہے۔
آئی پی پیز کا معاملہ زیر بحث ہے اور کمیشن کے انچارج کیلئے کسی جج صاحب کا تقررہونا ہے، یہ اتنی جلدی نہیں ہوگا اوراس میں پانچ سے چھ ماہ لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری ہمارے بھائی ہیں اور ان سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کی ساری کالونیوں میں بجلی کے میٹر لگانے جارہے ہیں اور اس کام کو 30دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹیشن ٹرین کے کرایوں میں 10فیصد کمی ہوئی ہے جس سے فی ویگن کنٹینر کرائے میں 5ہزار کمی ہوئی ہے اور اس کا 10مئی سے اطلاق ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ 10مئی سے 16اپ اور16ڈاؤن ٹرینیں چلائیں، ہم اس معاملے کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول او رابطہ کونسل میں بھی لے کر گئے لیکن چند صوبوں نے ہمارا ساتھ نہیں دیا حالانکہ ہمیں مرکز کی حمایت حاصل تھی۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ہم اپنے کیس کو دو سے تین روز میں دوبارہ نظر ثانی کے لئے پیش کریں گے کیونکہ عوام کو بڑی تکلیف کا سامناہے، جب انڈسٹریز کھل گئی ہیں تو ٹرین آپریشن بحال نہ ہونے سے ان کی صلاحیتیں متاثر ہوں گی،امید ہے کہ ہم عید الفطر سے پہلے مسافر ٹرینیں چلانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔