محمود آباد میں خوفناک دھماکا! بلڈنگ کا ایک حصہ زمین بوس، امدادی کارروائیاں جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

کراچی کے علاقے محمود آباد میں انبالہ بیکری کے قریب ایک رہائشی مکان میں زور دار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک منزلہ مکان تباہ ہو گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے متاثرہ مکان کا بڑا حصہ منہدم ہو گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے ایک خاتون کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جسے نکالنے کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیا گیا جبکہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے فائر بریگیڈ نے بھی آگ پر قابو پانے اور امدادی کارروائیوں کے لیے دو فائر ٹینڈرز روانہ کر دیے۔

آئی جی سندھ کی جائے وقوعہ پر فوری اقدامات کی ہدایت

محمود آباد میں دھماکے اور مکان منہدم ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے متعلقہ پولیس افسران کو فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچنے اور امدادی سرگرمیوں میں بھرپور معاونت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ اور مؤثر تعاون یقینی بنایا جائے تاکہ امدادی کارروائیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

انہوں نے جائے وقوعہ کو محفوظ بنانے، امدادی ٹیموں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

جاوید عالم اوڈھو کے مطابق ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے سلسلے میں بھی ہر ممکن تعاون کیا جائے۔

آئی جی سندھ نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقے اور اطراف کی شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر رکھا جائے اور ضرورت کے مطابق متبادل راستوں کا انتظام کیا جائے تاکہ امدادی کارروائیوں میں تاخیر نہ ہو۔

انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کرنے اور صورتحال سے متعلق مسلسل آگاہ رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

پولیس کی بھاری نفری تعینات، شہریوں کا ہجوم جمع

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جبکہ بڑی تعداد میں شہری بھی متاثرہ مکان کے اطراف جمع ہو گئے۔

ریسکیو اداروں کی جانب سے ملبے میں ممکنہ طور پر موجود افراد کی تلاش اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ دھماکے کی وجوہات اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

Related Posts