ایران جنگ، ناکہ بندی اور جوہری خطرات؟

تازہ ترین

تازہ ترین

مشرقِ وسطیٰ میں جنگ اور امن کے درمیان معلق صورتحال عالمی معیشت، علاقائی سلامتی اور جوہری عدم پھیلاؤ کے نظام کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔

امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کا مستقبل سفارت کاری، عسکری حکمت عملی اور متعلقہ مملکتوں کی سیاسی ترجیحات سے منسلک ہے اورمشرقِ وسطیٰ اس وقت ایک ایسے غیر یقینی دور سے گزر رہا ہے جہاں نہ مکمل جنگ کا خاتمہ ہوا ہے اور نہ ہی پائیدار امن کی کوئی صورت دکھائی دے رہی ہے۔ 28 فروری 2026 کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے آغاز کے بعد پیدا ہونے والا بحران اب صرف دو ممالک کا تنازع نہیں رہا بلکہ پورے خطے کے سیاسی، معاشی اور سلامتی کے نظام کو متاثر کر رہا ہے۔ امریکی کانگریس کے تحقیقی ادارے کانگریشنل ریسرچ سروس کی 18 ستمبر 2026 کی رپورٹ کے مطابق، اپریل میں جنگ بندی اور جون میں تنازع ختم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر اتفاق کے باوجود مذاکرات پٹڑی سے اتر گئے اور اگست میں یہ مفاہمت بھی دم توڑگئی۔ ستمبر تک دونوں جانب سے محدود فوجی حملوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوچکا تھا۔ اس صورت حال سے واضح ہوتا ہے کہ موجودہ تعطل کو مستقل امن سمجھنا ایک بڑی غلط فہمی ہوگی کیونکہ نومبر کے آخری ہفتے میں بھی کشیدگی میں کمی کے آثار محدود ہیں۔ 27 نومبر کو امریکی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے ایران کی بندرگاہ بندر عباس سے نکلنے کی کوشش کرنے والے پالاؤ کے پرچم بردار تجارتی جہاز کو نشانہ بنا کر اس کی نقل و حرکت روک دی۔ امریکی حکام کے مطابق جہاز کے انجن کو نقصان پہنچایا گیا جبکہ عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اس واقعے کے بعد ایران نے امریکی ناکہ بندی کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود سمندری اور فضائی محاذ پر محدود تصادم بدستور جاری ہے، اور یہ خطرناک صورتحال کسی طوفان کے آغاز کا پتہ دیتی محسوس ہوتی ہے۔

امریکی بحری ناکہ بندی ایران کے لیے ایک سنگین معاشی دباؤ بن چکی ہے۔ ایران کی تیل برآمدات تقریباً نہ ہونے کے برابر اور بندرگاہوں تک رسائی محدود ہونے سے حکومت کی آمدنی، تجارت اور زرمبادلہ پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ امریکی پالیسی سازوں کے لیے یہ ایک اہم سوال ہے کہ معاشی پابندیاں اور فوجی دباؤ ایران کی سیاسی قیادت کو مذاکرات پر آمادہ کریں گے یا اس کے مؤقف کو مزید سخت کردیں گے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ یہ بات ایران کو دیوار سے لگانے کے مترادف ہو اور ایران کے پاس اپنی بقاء کیلئے پوری طاقت کے ساتھ حملہ کرنا ناگزیر ہوجائے، جس سے پورے خطے میں آگ کے شعلے ایک بار پھر بھڑک اٹھیں گے۔

دوسری جانب ایران کی میزائل صلاحیت اور زیرِ زمین فوجی تنصیبات بھی اس تنازعے کا اہم پہلو ہیں۔ ایران کی جانب سے میزائل شہروں اور زیرِ زمین تنصیبات کی تشہیر کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کے باوجود اس کی عسکری صلاحیتوں میں کمی نہیں لائی جاسکی۔ اگرچہ ان تنصیبات میں موجود میزائلوں کی اصل تعداد اور عملی صلاحیت کا آزادانہ طور پر مکمل تعین ممکن نہیں، تاہم ایران کا میزائل پروگرام خطے میں ایک اہم عسکری عنصر ہے۔ امریکی کانگریس کی رپورٹ بھی اس امکان کی نشاندہی کرتی ہے کہ وسیع فوجی کارروائی کی صورت میں ایران خلیجی ممالک میں اہم توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا مصمم ارادہ کرچکا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ جنگ کا دوبارہ بڑے پیمانے پر آغاز صرف ایران اور امریکا تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پورے خلیجی خطے کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

خلیجی ممالک کا محتاط رویہ بھی اس بحران کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔ 9 نومبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت سمیت علاقائی ممالک کی درخواست پر فی الحال ایران کے خلاف نئے حملے نہیں کریں گے۔ تاہم انہوں نے امریکی بحری ناکہ بندی برقرار رکھنے کا اعلان بھی کیا۔ قطر کے وزیراعظم نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان رابطوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس پیش رفت سے واضح ہے کہ خلیجی ممالک ایران کے ساتھ اختلافات کے باوجود ایک وسیع علاقائی جنگ کے خطرات سے بچنا چاہتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جون 2025 میں بی ٹو بمبار طیاروں کے حملوں کے بعد ایران کی جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا تھا، لیکن حملوں کے بعد بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی نگرانی متاثر ہوئی اور وہ ایران کے افزودہ یورینیم کے مکمل ذخیرے کی تصدیق کرنے سے قاصر رہی۔ امریکی کانگریس کی 29 ستمبر 2026 کی رپورٹ کے مطابق 28 فروری 2026 کو جنگ کے دوبارہ آغاز کے بعد ایجنسی کی تقریباً تمام حفاظتی نگرانی کی سرگرمیاں رک گئی ہیں۔ اس صورت حال میں کسی بھی فریق کی جانب سے جوہری پروگرام کے بارے میں غیر مصدقہ دعوے عالمی سطح پر مزید غلط فہمیوں کو جنم دے سکتے ہیں۔

ایران کے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے نکلنے کا خدشہ بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ایران نے 1970 میں جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کی توثیق کی تھی اور 1974 میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ حفاظتی معاہدہ کیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت ایران اپنے جوہری مواد اور تنصیبات کے بارے میں ایجنسی کو معلومات فراہم کرنے اور معائنہ کاری کی اجازت دینے کا پابند ہے۔ اگر ایران اس معاہدے سے نکلنے کا فیصلہ کرتا ہے تو جوہری سرگرمیوں کی بین الاقوامی نگرانی مزید مشکل ہوجائے گی۔ اس کا نتیجہ صرف امریکا اور ایران کے تعلقات تک محدود نہیں رہے گا بلکہ مشرقِ وسطیٰ میں جوہری عدم پھیلاؤ کے پورے نظام کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن سکتا ہے۔

دوسری طرف پاکستان کی سفارتی اہمیت بھی اسی تناظر میں بڑھ جاتی ہے۔ پاکستان کے لیے ایران کے ساتھ طویل سرحد، خلیجی ممالک کے ساتھ معاشی اور دفاعی تعلقات اور امریکا کے ساتھ سفارتی روابط اس معاملے کو غیر معمولی اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان کی ثالثی کے ذریعے جون 2026 میں امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت طے پانے کی کوشش بھی سامنے آئی تھی، جس میں 60 روزہ مذاکراتی عمل کی گنجائش رکھی گئی تھی۔ تاہم یہ مفاہمت برقرار نہ رہ سکی۔ نومبر میں بھی قطر اور دیگر علاقائی ممالک کی طرح سفارتی رابطوں کی ضرورت برقرار ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں 9 نومبر کو امریکی صدر کی جانب سے نئے حملوں کو مؤخر کرنے کا اعلان سفارت کاری کے لیے ایک موقع ضرور ہے، لیکن ناکہ بندی برقرار رکھنے، بحری جہازوں پر حملوں اور جوہری پروگرام کے اختلافات نے اس موقع کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔ ایران اپنی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کرنے اور پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ کررہا ہے، جبکہ امریکا ایران کی علاقائی اور عسکری سرگرمیوں کے خاتمے سمیت دیگر معاملات پر ضمانتیں چاہتا ہے۔ دونوں فریق اپنے اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نظر نہیں آتے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ امریکا اور ایران جنگ کو مزید طول دینے کے بجائے ایک قابلِ عمل سفارتی معاہدے کی طرف پیش رفت کریں۔ پاکستان، قطر اور دیگر علاقائی ممالک کو رابطوں کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ایسے مذاکرات کی حمایت کرنی چاہیے جن میں جنگ بندی، آبنائے ہرمز میں آزادانہ بحری آمدورفت، پابندیوں میں نرمی، جوہری مواد کی نگرانی اور علاقائی سلامتی کے معاملات کو یکجا کرکے حل کیا جاسکے اور اس بار محض عارضی جنگ بندی کافی نہیں ہوگی بلکہ ایسے معاہدے کی ضرورت ہے جس پر عمل درآمد کے لیے واضح شرائط، نگرانی کا نظام اور خلاف ورزی کی صورت میں متفقہ طریقۂ کار بھی موجود ہو۔

Related Posts