انڈونیشیا میں کینڈی تیار کرنے والی فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کے بعد بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے حادثے میں کم از کم 3 افراد ہلاک جبکہ 36 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
حکام کے مطابق آگ ہفتے کی سہ پہر صوبہ بنتن کے علاقے چیکانڈے میں واقع تین منزلہ فیکٹری میں لگی، جہاں دودھ سے بنی مٹھائیاں اور دیگر مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں نے عمارت کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث فیکٹری کی چھت کے بعض حصے بھی منہدم ہوگئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد 15 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا تاہم ان میں سے 4 زخمی ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ 36 افراد کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا اور خدشہ ہے کہ وہ عمارت کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔

فائر فائٹرز اور ریسکیو اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں تاہم ملبے کے بعض حصوں میں موجود شدید گرمی اور آگ کے شعلوں کے باعث سرچ آپریشن میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ٹیمیں احتیاطی تدابیر کے ساتھ لاپتا افراد تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

واقعے کے بعد لاپتا کارکنوں کے اہل خانہ فیکٹری کے باہر جمع ہوگئے ہیں اور اپنے پیاروں کی خیریت سے متعلق معلومات کے منتظر ہیں۔

حکام نے آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم فوری طور پر آگ لگنے کی اصل وجہ سامنے نہیں آسکی۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور لاپتا افراد کی تلاش اولین ترجیح قرار دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا میں صنعتی اور عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات پہلے بھی بھاری جانی نقصان کا سبب بن چکے ہیں۔ گزشتہ سال دسمبر میں جکارتہ کی ایک سات منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 2023 میں نکل پراسیسنگ پلانٹ میں دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








