امریکا میں رہائش اور 2 کروڑ ڈالر نقد انعام! سینٹکام نے ایران کے ایٹمی رازوں کی قیمت لگا دی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

واشنگٹن: امریکا نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اہم اور قابلِ اعتماد خفیہ معلومات فراہم کرنے والے افراد کے لیے 20 ملین ڈالر (2 کروڑ ڈالر) تک انعام دینے کا اعلان کردیا ہے۔ امریکی حکام نے انعام کے ساتھ ضرورت پڑنے پر معلومات فراہم کرنے والوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی سہولت دینے کی پیشکش بھی کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اعلان امریکی محکمہ خارجہ کے خصوصی پروگرام ریوارڈز فار جسٹس (Rewards for Justice) کے تحت کیا گیا ہے جس کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اہم معلومات حاصل کرنا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اس انعامی پیشکش کی تفصیلات جاری کیں جبکہ امریکی محکمہ خارجہ کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی اس حوالے سے معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق انعام کے حصول کے لیے ایران کی جوہری تنصیبات، خفیہ مقامات، وہاں استعمال ہونے والے آلات اور جوہری سرگرمیوں میں معاون ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات فراہم کرنا اہم ہوگا۔

اس کے علاوہ یورینیم افزودگی کے عمل اور ایران کے جوہری پروگرام سے وابستہ سائنس دانوں، تکنیکی ماہرین اور دیگر اہم اہلکاروں کی شناخت سے متعلق مستند معلومات بھی اس پیشکش میں شامل ہیں۔

امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ معلومات فراہم کرنے والے افراد کو ان کی فراہم کردہ معلومات کی اہمیت اور افادیت کی بنیاد پر 20 ملین ڈالر تک انعام دیا جاسکتا ہے جبکہ ضرورت کے مطابق انہیں اپنی شناخت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جاسکتی ہے۔

اس پیشکش کے ذریعے واشنگٹن ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات کے حصول کی کوششیں تیز کرنا چاہتا ہے۔

Related Posts