منزل صرف 3 کلومیٹر دور تھی مگر! 24 سالہ ایتھلیٹ ریچل میراتھن میں زندگی ہار گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

امریکہ میں نیویارک سٹی میراتھن کے دوران 24 سالہ ایتھلیٹ ریچل اپا اچانک گرنے کے بعد انتقال کرگئیں۔ وہ اپنی پہلی میراتھن مکمل کرنے سے صرف دو میل دور تھیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریچل کے والدین موبائل ایپ کے ذریعے ان کی دوڑ پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ 23ویں میل پر والد نے انہیں حوصلہ افزائی کا پیغام بھیجا تاہم کوئی جواب نہیں ملا۔ جب 24ویں میل پر ان کی پیش رفت رک گئی تو والدین انہیں تلاش کرتے ہوئے وہاں پہنچے جہاں ایک ایمبولینس روانہ ہو رہی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ریچل کے گرنے پر ایک سوشل ورکر سمیت تین افراد نے انہیں طبی امداد فراہم کرنے اور جان بچانے کی کوشش کی بعد ازاں انہیں ماؤنٹ سائی نائی میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے چھ گھنٹے تک علاج کیا، لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

ریچل کے والد کے مطابق ان کی موت کی وجہ رَیبڈومائیولائسِس (Rhabdomyolysis) تھی، جس میں شدید جسمانی مشقت کے باعث پٹھوں کے خلیات تیزی سے ٹوٹنے لگتے ہیں اور خون میں نقصان دہ مادے شامل ہوجاتے ہیں۔

غمزدہ والد نے کہا کہ ان کے لیے یہ حقیقت تسلیم کرنا انتہائی مشکل ہے کہ مکمل صحت مند اور بہترین جسمانی حالت میں موجود 24 سالہ بیٹی اچانک دنیا سے رخصت ہوگئی۔

واضح رہے کہ ریچل بکنیل یونیورسٹی میں فیلڈ ہاکی کی کھلاڑی رہ چکی تھیں اور انہوں نے یہ میراتھن اپنے دادا کی یاد میں دوڑنے کا فیصلہ کیا تھا جو پارکنسنز کے مرض میں مبتلا ہوکر انتقال کر گئے تھے۔

Related Posts