جامعہ کراچی کے طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت بہتر بنانے کی غرض سے 8 پوائنٹس بسیں بحال کردی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان اور امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شرکت کی۔
اسلامی جمعیت طلبہ کے ترجمان کے مطابق مختلف ٹاؤنز کے تعاون سے بسوں کی بحالی ممکن ہوئی جس سے طلبہ کو آمدورفت میں پیش آنے والی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر وسیم قاضی نے بتایا کہ جامعہ میں انکیوبیشن سینٹر قائم کرنے اور طلبہ کیلئے لرننگ مینجمنٹ سسٹم متعارف کروانے پر کام جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ تین سے چار ماہ میں کلاس رومز کا تعلیمی مواد موبائل فون پر فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ طلبہ لیکچرز دوبارہ دیکھ سکیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ماضی میں طلبہ یونینز ٹرانسپورٹ کا نظام چلاتی تھیں اور طلبہ یونین کی بحالی طلبہ کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی آنے والے بہت سے طلبہ مناسب پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث موٹر سائیکل استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے پیٹرول پر عائد ٹیکسوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صارفین مختلف لیویز اور ڈیوٹیز کی مد میں بھاری رقم ادا کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








