مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تیل کی عالمی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے برینٹ کروڈ 110 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر گیا جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت بھی بڑھ گئی۔
عالمی منڈی میں جمعرات کو برینٹ کروڈ کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 1.93 ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 1.77 فیصد اضافے کے ساتھ 110.75 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی 1.43 ڈالر بڑھ گئی۔ اس اضافے کے بعد ڈبلیو ٹی آئی 1.47 فیصد مہنگا ہو کر 98.58 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہونے لگا۔
تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خطے سے عالمی منڈیوں تک تیل کی فراہمی میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل بدھ کو برینٹ کروڈ کی قیمت میں زیادہ تبدیلی نہیں ہوئی تھی جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کے نرخ 67 سینٹ کم ہو گئے تھے تاہم جمعرات کو خریداری کے دباؤ اور سپلائی سے متعلق خدشات کے باعث دونوں اہم اقسام کے خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








