تیز رفتار کار ڈیوائیڈر ٹکرانے کے بعد شعلوں میں گھر گئی! خوفناک حادثے میں 5 افراد جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

ملتان کے بوسن روڈ پر سبزہ زار میٹرو اسٹیشن کے قریب تیز رفتار کار خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار پانچوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔ حادثے کے بعد کار کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی جس پر ریسکیو فائر فائٹرز نے قابو پالیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار ٹویوٹا کرولا بے قابو ہوکر سڑک کے درمیان بنے ڈیوائیڈر سے ٹکرائی اور پھر ایک خالی پلاٹ کی دیوار سے جا لگی۔ تصادم کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس کے انجن میں آگ لگ گئی۔

حکام کے مطابق حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کار میں موجود پانچوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

ریسکیو ٹیموں نے گاڑی میں پھنسے پانچوں افراد کی لاشیں نکال لیں جبکہ فائر فائٹرز نے کار کے بونٹ میں لگی آگ پر قابو پایا بعدازاں تمام لاشوں کو نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں سے تین نوجوانوں کا تعلق شجاع آباد سے بتایا گیا ہے جبکہ دیگر دو افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔

Related Posts