عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پاکستان پر عائد عالمی سفری پابندیوں میں مزید تین ماہ کی توسیع کردی ہے۔ پابندیاں برقرار رکھنے کی سفارش ڈبلیو ایچ او کی ایمرجنسی کمیٹی برائے پولیو نے کی۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق پاکستان اور افغانستان میں جنگلی پولیو وائرس کا پھیلاؤ بدستور عالمی صحت عامہ کے لیے تشویش کا باعث ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان آمدورفت وائرس کی منتقلی کا خطرہ برقرار رکھتی ہے۔
اعلامیے کے مطابق رواں سال دنیا بھر میں پولیو کے 16 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ پاکستان میں 57 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق جنوبی خیبرپختونخوا اور کراچی میں پولیو وائرس کی مقامی منتقلی بدستور جاری ہے جبکہ کراچی پولیو وائرس کے پھیلاؤ کا مرکزی گڑھ بن چکا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے وسطی پاکستان، جنوبی خیبرپختونخوا اور کوئٹہ بلاک میں انسدادِ پولیو مہم مزید موثر بنانے پر زور دیا ہے۔ ادارے نے ویکسین سے محروم بچوں کی تعداد اور بعض علاقوں میں سیکیورٹی مسائل پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








