جنوبی افریقہ میں ٹارگٹ کلنگ یا ڈکیتی کے دوران فائرنگ کے ایک اور دلخراش واقعے میں دو پاکستانی شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں سے ایک کا تعلق منڈی بہاءالدین جبکہ دوسرے کا تعلق صوبائی دارالحکومت لاہور سے بتایا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق منڈی بہاءالدین کے رہائشی سعادت بلہڑ جوہانسبرگ کے علاقے کیو ٹون میں اپنی موبائل شاپ بند کرنے کے بعد اپنے ملازم رضوان کے ہمراہ کار پر سوار ہو کر گھر کی جانب رواں دواں تھے۔ اسی دوران راستے میں پہلے سے گھات لگائے نامعلوم مسلح ملزمان نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور لاوارث لاشوں کو اسپتال منتقل کرنے کے بعد باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
مقتول سعادت کے لواحقین نے انتہائی تشویشناک انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ محض دو ماہ قبل بھی اسی نوعیت کے ایک سفاکانہ واقعے میں سعادت کے دو کزنز سمیت چار پاکستانی نوجوانوں کو جنوبی افریقہ میں فائرنگ کرکے قتل کیا جا چکا ہے جس کی وجہ سے وہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں شدید خوف و ہراس پھیلادیا ہے۔متاثرہ خاندانوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کو سفارتی سطح پر اٹھایا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








