ملکی زرمبادلہ ذخائر میں تاریخی اضافہ! شہباز شریف نے بڑی وجہ بتادی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 21.4 ارب ڈالر تک پہنچنے پر اللہ تعالیٰ کے حضور شکر ادا کرتے ہوئے اسے معاشی محاذ پر ایک اور بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ معاشی ٹیم کی دن رات محنت اور درست سمت میں اٹھائے گئے فیصلوں کی بدولت دنیا بھر کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

حکومتی معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ ملکی معیشت اب مکمل طور پر بحالی کے سفر پر گامزن ہے، اور ذخائر کا اس سطح پر پہنچنا ملک کے معاشی استحکام کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیراعظم نے اس تاریخی پیش رفت کے محرکات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر میں شاندار اضافہ ہوا ہے۔سروسز سیکٹر کی برآمدات اور کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ سخت مالیاتی نظم و ضبط اور بروقت فیصلوں نے معیشت کو سہارا دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹس تک کامیاب رسائی حاصل کر لی ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عالمی سطح پر ملکی معیشت پر اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس مضبوط معاشی پوزیشن سے بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی آئے گی اور ملک کو درپیش عالمی معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں زبردست مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ عالمی سطح پر بحال ہونے والا یہ اعتماد ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولے گا جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے وزیرِ خزانہ، پوری اقتصادی ٹیم اور خاص طور پر محنت کش اوورسیز پاکستانیوں کی کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔

Related Posts