پی ٹی آئی کے مفرور رہنما قانونی شکنجے میں! جانیں حماد اظہر کو کیسے اور کہاں سے گرفتار کیا

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان تحریک انصاف کے سابق پنجاب صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق انہیں ملتان سے حراست میں لینے کے بعد لاہور پولیس کے حوالے کردیا گیا جہاں ان کے خلاف درج مقدمات پر قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔

9 مئی کے مقدمات میں مطلوب تھے

پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کے خلاف 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق متعدد مقدمات درج ہیں اور وہ ان کیسز میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف 50 سے زائد مقدمات میں نامزدگی موجود ہے۔

حماد اظہر گرفتاری سے قبل طویل عرصے سے منظرِ عام سے دور تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق وہ اپنے والد کے انتقال کے موقع پر کچھ عرصے کے لیے منظرِ عام پر آئے تھے تاہم بعد میں دوبارہ روپوش ہوگئے۔

عدالت نے اشتہاری قرار دے رکھا تھا

حماد اظہر کی مسلسل عدم پیشی کے باعث انسداد دہشت گردی کی عدالت انہیں اشتہاری قرار دے چکی تھی۔ عدالت کی جانب سے ان کی گرفتاری کے دائمی وارنٹ بھی جاری کیے گئے تھے۔

گرفتاری کے بعد پولیس نے حماد اظہر کو انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا ہے جہاں 9 مئی سے متعلق مقدمات کے حوالے سے مزید تفتیش کی جائے گی۔

حفاظتی ضمانت کے لیے عدالتوں سے رجوع

دوسری جانب حماد اظہر نے اپنے خلاف درج مقدمات میں حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

حماد اظہر پی ٹی آئی پنجاب کے صدر کی حیثیت سے پارٹی کی صوبائی قیادت کرچکے ہیں تاہم مقدمات کے اندراج کے بعد انہوں نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

Related Posts