کرکٹ شائقین ہو جائیں تیار! پی ایس ایل 12 کے حوالے سے بڑا سرپرائز سامنے آگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کے انعقاد کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس میں لیگ کا اگلا سیزن آئندہ سال جنوری میں کرانے کی تجویز زیرِ غور ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل فرنچائزز کے مالکان کے درمیان لیگ کے ممکنہ شیڈول پر مشاورت جاری ہے جبکہ جنوری میں ایونٹ منعقد کرنے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے یکم ستمبر کو لندن میں پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس بھی ہوا، جس میں آئندہ سیزن کے شیڈول سمیت متعدد تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران جنوری میں لیگ کرانے کی صورت میں غیر ملکی کرکٹرز کی دستیابی کو ایک بڑا مسئلہ قرار دیا گیا کیونکہ اس عرصے میں مختلف ممالک کی بین الاقوامی اور دیگر کرکٹ سرگرمیاں جاری ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں جنوری اور فروری کے دوران شدید سردی اور دھند بھی پی ایس ایل کے انعقاد میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ اجلاس میں ان موسمی حالات کے باعث میچز کے انعقاد اور شیڈولنگ سے متعلق ممکنہ مشکلات پر بھی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے موجودہ سیزن کے علاوہ سال کے وسط میں ایک اضافی ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز بھی زیرِ بحث ہے۔ اس ممکنہ ایونٹ کا مقصد فرنچائزز اور براڈکاسٹرز کے لیے آمدن کے اضافی مواقع پیدا کرنا بتایا جا رہا ہے۔

پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن کی حتمی تاریخوں اور شیڈول کا فیصلہ تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت اور مختلف انتظامی و موسمی عوامل کا جائزہ لینے کے بعد کیے جانے کا امکان ہے۔

Related Posts