پاکستانی آٹو انڈسٹری اہم سنگ میل! سوزوکی آلٹو اور ایوری پہلی بار برونائی پہنچ گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان کی آٹو انڈسٹری نے برآمدات کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل عبور کرلیا جب سوزوکی نے پاکستان میں تیار کی جانے والی آلٹو اور ایوری گاڑیاں پہلی مرتبہ برونائی کی مارکیٹ میں متعارف کروا دیں۔

جاپانی کمپنی سوزوکی نے 27 اگست کو جاری بیان میں بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کمپنی نے اپنے کسی بیرون ملک پیداواری مرکز سے ایسی گاڑیاں برآمد کی ہیں جن کا حجم اور انجن کی گنجائش جاپان میں استعمال ہونے والی منی وہیکلز کے مساوی ہے۔

سوزوکی کے مطابق آلٹو اور ایوری کی برونائی میں لانچنگ کے ساتھ وہاں صارفین کے لیے کمپنی کی گاڑیوں کی دستیاب رینج میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

کمپنی نے مزید بتایا کہ Boosted نے سوزوکی موٹر سائیکلوں کی فروخت اور تقسیم شروع کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے جس کے تحت برونائی میں موٹر سائیکلوں کی فروخت 2026 کے موسمِ خزاں کے آس پاس شروع ہونے کی توقع ہے۔

پاکستان میں سوزوکی کا کاروبار پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ (PSMC) کے ذریعے کیا جاتا ہے جو اگست 1983 میں بطور پبلک لمیٹڈ کمپنی قائم ہوئی تھی۔

پاک سوزوکی ملک میں سوزوکی برانڈ کی مختلف گاڑیوں کو مقامی طور پر اسمبل اور تیار کرنے کے ساتھ ان کی مارکیٹنگ بھی کرتی ہے۔ کمپنی کی مصنوعات میں کاروں کے علاوہ پک اپس، وینز، فور بائی فور گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور متعلقہ اسپیئر پارٹس شامل ہیں۔

سوزوکی برانڈ کا تعلق جاپان سے ہے اور پاکستان کی آٹو موبائل مارکیٹ کے قیام اور ترقی میں کمپنی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ کئی دہائیوں تک سوزوکی نے ملک کی مسافر گاڑیوں کی مارکیٹ میں نمایاں پوزیشن برقرار رکھی جبکہ مختلف ادوار میں اس کا مارکیٹ شیئر 50 فیصد سے بھی زیادہ رہا ہے۔

پاکستان میں تیار شدہ آلٹو اور ایوری کی برونائی مارکیٹ میں پہلی مرتبہ برآمد کو مقامی آٹو سیکٹر کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے کیونکہ اس سے پاکستانی ساختہ گاڑیوں کی بیرون ملک مارکیٹ تک رسائی میں اضافے کی امید پیدا ہوئی ہے۔

Related Posts