صرف 15 دن رہ گئے ورنہ لائسنس ہوگا معطل اور کاروبار بند! اسلحہ ڈیلرز کیلئے بڑی وارننگ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پنجاب میں اسلحہ ڈیلرز کو ڈیجیٹل ریکارڈ مکمل کرنے کیلئے مزید مہلت مل گئی۔ محکمہ داخلہ نے اسلحے اور گولہ بارود کے اسٹاک سمیت خرید و فروخت کی تفصیلات آن لائن جمع کروانے کی آخری تاریخ 10 روز بڑھا کر 6 ستمبر مقرر کردی ہے تاہم مقررہ وقت میں ریکارڈ جمع نہ کروانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق صوبے کے تمام رجسٹرڈ اسلحہ ڈیلرز کو اپنے موجودہ اسلحہ اور گولہ بارود کے اسٹاک کی تفصیلات کے ساتھ خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ پنجاب آرمز لائسنس پورٹل پر اپ لوڈ کرنا ہوگا۔

محکمہ داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ ڈیجیٹل پورٹل پر ہر ڈیلر کے پاس موجود اسلحے اور گولہ بارود کا مکمل ڈیٹا محفوظ ہوگا جبکہ خریداری اور فروخت سے متعلق تمام لین دین کی تفصیلات بھی ریکارڈ کا حصہ بنیں گی۔ پنجاب میں رجسٹرڈ 413 اسلحہ ڈیلرز میں سے 230 پہلے ہی اپنا ڈیٹا ڈیجیٹل نظام میں درج کرچکے ہیں۔

حکام کے مطابق ڈیلرز کو اپنے اضلاع میں رجسٹریشن کے عمل کے دوران ڈپٹی کمشنرز کی معاونت حاصل ہے۔ ڈیڈ لائن بڑھانے کا فیصلہ لاہور میں منگل کے روز ہونے والی تربیتی ورکشاپ میں سامنے آیا جس میں 350 سے زیادہ اسلحہ ڈیلرز نے بالمشافہ اور آن لائن شرکت کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ریکارڈنگ کے اس نظام کا بنیادی مقصد غیر قانونی اسلحے کی خرید و فروخت کی روک تھام اور جرائم کے خاتمے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ مقررہ وقت تک اپنی انوینٹری جمع نہ کرانے والے ڈیلرز کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے جس میں لائسنس کی معطلی، کاروبار سیل کرنے اور جرمانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

ورکشاپ کے دوران محکمہ داخلہ کے افسران اور نادرا حکام نے شرکا کو پنجاب آرمز لائسنس پورٹل کے استعمال، معلومات درج کرنے اور ڈیجیٹل انوینٹری رجسٹریشن مکمل کرنے کے طریقہ کار کی عملی تربیت بھی فراہم کی۔

Related Posts