آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل سے پہلے ہی مسلم لیگ (ن) کے اندر اختلافات سامنے آگئے مرکزی قیادت نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم کے عہدے کے لیے نامزد کردیا ہے تاہم آزاد کشمیر میں پارٹی کے بعض سینئر رہنماؤں نے اس فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے گیلانی کی نامزدگی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
افتخار گیلانی کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے دوران آزاد کشمیر میں حکومت سازی، مستقبل کی سیاسی صورتحال، مسلم لیگ (ن) کی آئندہ حکمت عملی اور پارلیمانی معاملات سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے سلسلے میں مشاورت کے لیے شاہ غلام قادر اور آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کو اسلام آباد بلایا تھا۔ اجلاس میں نومنتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق، ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری اور رکن اسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی کو بھی مدعو کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر نے افتخار گیلانی کو وزیراعظم نامزد کرنے کے فیصلے سے اتفاق نہیں کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس معاملے پر مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اپنی رائے سے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کو کل آگاہ کریں گے۔
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کا مرحلہ 28 اگست کو ہوگا جہاں نئے قائد ایوان کے لیے ووٹنگ کی جائے گی۔
بیرسٹر افتخار گیلانی نے حالیہ آزاد کشمیر عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں وزیر تعلیم کی ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں اور راجہ فاروق حیدر کے دورِ وزارتِ عظمیٰ میں بھی اسی منصب پر فائز رہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








