ورک ویزوں کے نام پر 32 لاکھ کا فراڈ! راولپنڈی کا ایجنٹ ایف آئی اے کے ہتھے چڑھ گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

راولپنڈی میں ورک ویزوں کے نام پر مبینہ فراڈ کا معاملہ سامنے آیا جہاں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے سات افراد سے 32 لاکھ روپے وصول کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے بیرون ملک ملازمت کے ویزے دلانے کا وعدہ کرکے رقم حاصل کی تاہم بعد میں نہ ویزے فراہم کیے اور نہ ہی پیسے واپس کیے۔

ایف آئی اے کے مطابق راولپنڈی کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے کارروائی کے دوران عمر رضا نعیم نامی شخص کو حراست میں لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ورک ویزا فراڈ کے حوالے سے شکایت موصول ہونے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں اس کی گرفتاری عمل میں آئی۔

ادارے کے مطابق تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزم نے مبینہ طور پر شکایت کنندہ کے سات جاننے والوں سے مجموعی طور پر 32 لاکھ روپے لیے تھے۔ ملزم نے انہیں بیرون ملک روزگار کے لیے ورک ویزے فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

ملزم پر الزام ہے کہ رقم وصول کرنے کے بعد ملزم نے وعدہ پورا نہیں کیا اور متاثرہ افراد کو ورک ویزے بھی فراہم نہیں کیے۔ اس کے علاوہ وصول کی گئی رقم بھی واپس نہیں کی گئی۔ ایف آئی اے کے مطابق کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Related Posts