مری میں مسافر بس گہری کھائی میں جا گرنے سے 6 افراد جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

مری
(فوٹو: آن لائن)

مری کے علاقے لوئر باڑیاں لیراں ٹائیں کے مقام پر مسافر بس خطرناک حادثے کا شکار ہوکر گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق بس میں 20 سے زائد افراد سوار تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو مری کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، جبکہ حادثے کی سنگینی کے باعث اضافی امدادی نفری بھی طلب کی گئی۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر زخمیوں کو سول ہسپتال مری لے جایا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

حادثے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والی 2 کمسن بچیاں بھی جاں بحق ہوگئیں، جبکہ ان کی والدہ اور بھائی شدید زخمی ہوئے۔ واقعے نے متاثرہ خاندان سمیت متعلقہ علاقوں میں بھی غم کی فضا پیدا کردی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد سول اسپتال مری کو ہنگامی صورتحال کے پیش نظر الرٹ کردیا گیا، تاکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے اور ممکنہ طور پر مزید متاثرین کی آمد سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل رکھے جائیں۔

Related Posts