مولانا فضل الرحمان کا اپوزیشن اتحاد کا اعلان، سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ

تازہ ترین

تازہ ترین

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جیلیں سیاسی قیدیوں سے بھری ہوئی ہیں، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے۔

متحدہ اپوزیشن کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج اپوزیشن کی مشترکہ جدوجہد کے آغاز کا پہلا قدم ہے، یہ قدم پاکستان کے وقار کے تحفظ کا ذریعہ بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن اہم ہے، اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے جوائنٹ اپوزیشن کے قیام پر اتفاق کرلیا ہے اور آئندہ کے تمام اقدامات باہمی مشاورت سے کیے جائیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم بعض حلقوں کے لیے مسئلہ بنی ہوئی ہے، اسے ہر صورت ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم یہ وقت صوبوں کی تقسیم کا نہیں کیونکہ اس سے مزید بداعتمادی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے کوئی واضح تیاری موجود نہیں۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن اتحاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج خوشی کا دن ہے، دعا ہے کہ اپوزیشن کا اتحاد برقرار رہے اور اللہ ہمیں ملک کو مشکلات سے نکالنے کی ہمت دے۔

Related Posts