شوہر پر تشدد کرنے والی خاتون کو عدالت سے ریلیف، آمنہ سعید کی ضمانت منظور

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شوہر اور بیٹیوں پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں نامزد ملزمہ آمنہ سعید کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 8 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے ملزمہ کو 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

جسٹس خادم حسین سومرو کی جانب سے جاری فیصلے میں قرار دیا گیا کہ بادی النظر میں فریقین کے درمیان تنازع گھریلو اور خاندانی نوعیت کا معلوم ہوتا ہے۔ عدالت کے مطابق استغاثہ کی جانب سے پیش کی گئی ویڈیو فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ واقعے کے بعد ملزمہ خود اپنے شوہر کو اسپتال لے کر گئی۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ میڈیکل ریکارڈ کے مطابق متاثرہ افراد کو ایسی چوٹیں نہیں آئیں جو جان لیوا قرار دی جا سکیں۔ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ آمنہ سعید فلسفے میں پی ایچ ڈی ہولڈر ہیں، ان کا کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ موجود نہیں، جبکہ قانون خواتین کو بعض حالات میں ضمانت کے معاملے میں رعایت فراہم کرتا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپریم کورٹ کے نظائر کا حوالہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ مقدمہ مزید تفتیش (Further Inquiry) کا متقاضی ہے، اس لیے موجودہ مرحلے پر ملزمہ ضمانت کی مستحق ہے۔

واضح رہے کہ آمنہ سعید کے خلاف تھانہ ویمن اسلام آباد میں ان کے شوہر سعید احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں شوہر اور بیٹیوں پر مبینہ تشدد کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی واضح کیا کہ اگر ملزمہ مقدمے کی کارروائی پر اثرانداز ہونے، گواہوں کو متاثر کرنے یا ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئیں تو استغاثہ ضمانت منسوخ کرانے کے لیے عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔

Related Posts