فیصل آباد کے نواحی علاقے میں پیش آنے والے دل دہلا دینے والے واقعے میں ایک 60 سالہ شخص نے مبینہ طور پر اپنی بات نہ ماننے پر دو کمسن پوتوں کو قتل کردیا، جبکہ بچوں کی والدہ اور دادی انہیں بچانے کی کوشش میں شدید زخمی ہوگئیں۔
افسوسناک واقعہ ماموں کانجن کے گاؤں 557 میں پیش آیا، جہاں ملزم عطا محمد نے اپنے 5 سالہ پوتے نبیل اور 7 سالہ پوتے عدیل کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق مقتول بچوں کے والد دبئی میں درزی کا کام کرتے ہیں، جبکہ واقعے کے دوران بچوں کی والدہ اور دادی نے انہیں بچانے کی کوشش کی، جس کے دوران دونوں شدید زخمی ہوگئیں۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ 60 سالہ ملزم عطا محمد کو گرفتار کرکے تھانہ ماموں کانجن منتقل کردیا گیا ہے، جہاں واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور قتل کے محرکات کا تعین کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ فیصل آباد میں اس سے قبل بھی بچوں کے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آچکا ہے۔ جولائی میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی 6 سالہ بیٹی دعا فاطمہ اور 2 سالہ بیٹے محمد احمد کو قتل کردیا تھا، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








