گٹر لائن کی صفائی کے دوران واسا کے دو ملازمین دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے، واقعے نے سیوریج کے کاموں میں حفاظتی اقدامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق دونوں ملازمین رات گئے گٹر لائن کی صفائی میں مصروف تھے کہ اچانک دم گھٹنے کے باعث بے ہوش ہوگئے اور جانبر نہ ہوسکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ملازمین حفاظتی آلات کے بغیر سیوریج لائن میں کام کررہے تھے، جس کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
واسا حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک ملازم ادارے کا مستقل جبکہ دوسرا کنٹریکٹ پر کام کررہا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واسا کی جانب سے دونوں افراد کو گٹر لائن کی صفائی کے لیے کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی تھی اور وہ ذاتی حیثیت میں نجی کنٹریکٹر کی معاونت کے لیے سیوریج لائن میں گئے تھے۔
واسا حکام نے مزید کہا کہ سیوریج کے کاموں کے دوران سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جاتا ہے اور کام شروع کرنے سے قبل تمام حفاظتی اقدامات مکمل کرنا ضروری ہوتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








