حکومت کیلئے نیا چیلنج، مولانا فضل الرحمان نے متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

فضل الرحمان
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قائد حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی سے ملاقات کے بعد متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کردیا۔ یہ ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس میں محمود خان اچکزئی کے چیمبر میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے اپوزیشن کے مشترکہ سیاسی و پارلیمانی کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ کامران مرتضیٰ اور مولانا واسع موجود تھے، جبکہ محمود خان اچکزئی کے ساتھ اخونزادہ حسین یوسفزئی اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی شریک ہوئے۔ ملاقات سے پہلے میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر اختیار ان کے پاس ہوتا تو عمران خان کا علاج اب تک ہوچکا ہوتا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز سے مشاورت ہوچکی ہے اور اصولی طور پر اس بات پر اتفاق پایا گیا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پارلیمان میں مشترکہ کردار ادا کرنا چاہتی ہیں اور اس سلسلے میں مزید مشاورت اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ متحدہ اپوزیشن کی تشکیل ایک مثبت آغاز ثابت ہوگی

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے لیے بھی سازگار ماحول پیدا ہونا چاہیے تاکہ تمام متعلقہ جماعتیں باہمی مشاورت سے آئندہ کے لائحہ عمل پر اتفاق کرسکیں۔ اس دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا پیپلز پارٹی بھی اپوزیشن اتحاد کا حصہ ہوگی؟ مولانا فضل الرحمان نے جواب دیا کہ پیپلزپارٹی اس وقت حکومت کا حصہ ہے۔

Related Posts