عوام کے لیے بڑی خوشخبری، ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

حکومت نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی کا اعلان کردیا ہے۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لیٹر تک کمی کی جائے گی، جس کا نوٹیفکیشن آئندہ چند گھنٹوں میں جاری کردیا جائے گا۔

وزیر پیٹرولیم نے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر آئل ریفائنریوں سے مشاورت کی گئی، جن کے تعاون سے ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی ممکن ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے اور جنگی صورتحال کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے مشاورت کے بعد ٹیکس میں ریلیف کی کوشش کی جبکہ آئل ریفائنریوں نے بھی وزیراعظم کی درخواست پر تعاون کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ڈیزل کا بڑا حصہ مقامی سطح پر ریفائن کیا جاتا ہے، تاہم عالمی مارکیٹ میں ریفائنڈ مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

وزیر پیٹرولیم کے مطابق اوگرا کی جانب سے ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، جس کے بعد عوام کو قیمتوں میں کمی کا فائدہ ملنا شروع ہوجائے گا۔

Related Posts