سابقہ اداکارہ نور بخاری نے عون چوہدری سے طلاق کے بعد دوبارہ شادی کرنے کے فیصلے پر پہلی بار کھل کر گفتگو کی ہے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں نور بخاری نے کہا کہ انہوں نے کبھی دوبارہ شادی کے بارے میں نہیں سوچا تھا، لیکن بعض فیصلے انسان کی نہیں بلکہ اللہ کی مرضی سے ہوتے ہیں۔
نور بخاری کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے ماضی کی زندگی چھوڑ کر اللہ کے راستے پر آنے کا فیصلہ کیا تو شاید اللہ تعالیٰ نے ہی دوبارہ ان کے اور عون چوہدری کے دلوں میں یہ خیال پیدا کیا۔ ان کے مطابق دوبارہ شادی کے فیصلے پر وہ اور عون دونوں خوش ہیں۔
عون چوہدری سے دوسری بار شادی کے حوالے سے سوال پر نور بخاری نے مسکراتے ہوئے کہا کہ شاید دونوں کی محبت ختم نہیں ہوئی تھی، اسی لیے وہ دوبارہ ایک ہوگئے۔ انہوں نے اس تعلق کو اللہ کی طرف سے ایک خاص کرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ طلاق کے بعد دوبارہ شادی اور خوشگوار زندگی گزارنا کسی معجزے سے کم نہیں۔
سابقہ اداکارہ نے عون چوہدری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اچھے انسان اور نیک دل شخصیت کے مالک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچے بھی عون چوہدری سے بہت محبت کرتے ہیں اور انہیں اللہ کی جانب سے ایک بہترین ساتھی ملا ہے۔
واضح رہے کہ نور بخاری اور عون چوہدری کی پہلی شادی کے بعد طلاق ہوگئی تھی، جس کے بعد نور بخاری نے مزید شادیاں کیں جو کامیاب نہ ہوسکیں۔ بعد ازاں انہوں نے عون چوہدری سے دوبارہ شادی کرلی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








