آن لائن ہوٹل بکنگ کے نام پر بڑا فراڈ بے نقاب:126 جعلی ویب سائٹس، 22 ہزار سیاح لٹ گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

آن لائن ہوٹل بکنگ کے نام پر بڑا فراڈ بے نقاب ہوگیا۔ ملزمان نے 126 جعلی ویب سائٹس کے ذریعے تقریباً 22 ہزار سیاحوں کو لوٹ لیا، واقعے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ 

تفصیلات کے مطابق بھارت میں ایک منظم سائبر کرائم گروہ نے جعلی ویب سائٹس، مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ تصاویر، گوگل اور گوگل میپس سے چرائی گئی اصل تصاویر اور مؤثر ایس ای او تکنیک استعمال کرتے ہوئے سیاحوں کو آن لائن رہائش بک کرنے کے نام پر مبینہ طور پر کروڑوں کا دھوکا دیا۔ پولیس کے مطابق گروہ نے 2022 سے 126 جعلی ویب سائٹس بنا رکھی تھیں، جن کے ذریعے تقریباً 21,985 افراد متاثر ہوئے، جن میں لگ بھگ 7 ہزار گجرات کے رہائشی تھے۔

گجرات میں سی آئی ڈی کرائم کی سائبر سینٹر آف ایکسی لینس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 مرکزی ملزمان وکی کمار گپتا (34) اور شیلش سینی (24) کو گرفتار کیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ اب تک نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل پر ان ویب سائٹس کے خلاف 70 شکایات درج ہو چکی ہیں۔

ملزمان دھرم شالاؤں، آشرموں، ٹرسٹس اور ہوٹلوں کی اصل ویب سائٹس کی نقل تیار کرکے خود کو ان کے نمائندے ظاہر کرتے اور بکنگ کے نام پر ایڈوانس رقم وصول کرتے تھے، مگر کوئی سروس فراہم نہیں کرتے تھے۔ صارفین کے نام، موبائل نمبرز اور بکنگ کی تفصیلات جعلی ویب سائٹس کے ذریعے مرکزی ملزم گپتا تک پہنچتیں، جو انہیں واٹس ایپ پر ساتھی ملزم سینی کو بھیجتا۔ سینی خود کو ہوٹل کا ریسپشن مینیجر ظاہر کرکے رقم وصول کرتا تھا۔

پولیس نے گپتا کے لیپ ٹاپ سے 126 ویب سائٹس کی تفصیلات، گوگل شیٹ، واٹس ایپ چیٹس اور بکنگ ریکارڈ برآمد کیے ہیں۔ گپتا ویب سائٹس کی تکنیکی نگرانی، موبائل نمبرز اور مواد میں تبدیلی، ایس ای او اور گوگل اشتہارات بھی سنبھالتا تھا اور بعض ویب سائٹس سے ہونے والی بکنگ کا 35 فیصد حصہ وصول کرتا تھا۔

خیال رہے کہ یہ جعلی ویب سائٹس گجرات، اتراکھنڈ، آندھرا پردیش، جموں و کشمیر، کرناٹک، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، اوڈیشہ، تمل ناڈو، اتر پردیش اور مغربی بنگال کے معروف سیاحتی مقامات کے نام پر بنائی گئی تھی اور تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ ان ویب سائٹس کے ذریعے بھارت کے علاوہ دیگر ممالک کے سیاحوں کو بھی لوٹا جارہا تھا۔

Related Posts