بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں نجی شعبے کی شمولیت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور ہزارہ الیکٹرک پاور کمپنی (ہزیکو) میں نجی شعبے کی شمولیت کے لیے ٹرانزیکشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں نجی شعبے کی شمولیت کے لیے مالیاتی مشیر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے باقاعدہ عمل شروع کردیا گیا ہے۔ نجی شعبے کی شمولیت نجکاری یا کنسیشن کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔
اس سلسلے میں مالیاتی مشیر کی خدمات حاصل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں اور فرموں سے تکنیکی اور مالیاتی تجاویز طلب کرلی گئی ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے ادارے انفرادی حیثیت میں یا کنسورشیم کی صورت میں اپنی تجاویز جمع کراسکیں گے۔
حکام کے مطابق مالیاتی مشیر کی ذمہ داریوں میں ٹرانزیکشن کے مختلف مراحل میں معاونت، نجی شعبے کی شمولیت کے لیے موزوں طریقہ کار کا جائزہ اور متعلقہ مالیاتی امور پر مشاورت شامل ہوگی۔
مالیاتی مشیر کی تقرری کے لیے تکنیکی اور مالیاتی تجاویز جمع کرانے کی آخری تاریخ 9 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی تجاویز کے حوالے سے متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت فیصلہ کیا جائے گا۔
پیسکو اور ہزیکو میں نجی شعبے کی شمولیت کا اقدام ملک کے بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔ آئندہ مراحل میں مالیاتی مشیر کی تقرری کے بعد دونوں کمپنیوں میں نجی شعبے کی شمولیت کے طریقہ کار کو مزید حتمی شکل دی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








