کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس کے بخاری کمرشل میں قائم ایک کیفے کے اندر نوجوان لڑکی پر مبینہ تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ چکی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ یکم جولائی کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے اس وقت رونما ہوا جب ریسٹورنٹ میں موجود ایک لڑکی پر چار خواتین اور ایک مرد نے مبینہ طور پر حملہ کر دیا۔ اس اچانک حملے کے نتیجے میں لڑکی کو چوٹیں آئیں اور ان کے ہاتھ کی ایک انگلی کا ناخن بھی اکھڑ گیا۔
کراچی (میاں خرم شہزاد) کراچی کے پوش علاقے بخاری کمرشل میں واقع ایک کیفے میں نوجوان خاتون پر تشدد کا #cctv سامنے آ گئی#DHA #dhakarachi #bukharicommercial #karachi #crimestories #MianKhurramShahzad #Pakistan #DarakhshanPoliceStation #bukhari #bukharicommercial #MianKhuramShahzad pic.twitter.com/C52H0GDnzY
— Mian Khurram Shahzad (@miankhuramwatto) July 3, 2026
متاثرہ لڑکی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی دوست کے ہمراہ کیفے میں رات کا کھانا کھا رہی تھیں کہ اسی دوران حمید کاکڑ، آمنہ خان، رنزا شاہ اور سنینہ حق نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر ان پر دھاوا بول دیا۔
متاثرہ لڑکی کا مزید الزام ہے کہ مارپیٹ کے دوران حملہ آوروں نے ان کا گلا دبانے کی کوشش کی جبکہ انہیں جان سے مارنے اور اغوا کرنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں سزا دی جائے اور انصاف فراہم کیا جائے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے متاثرہ لڑکی کو آج تھانے بلایا گیا تھا جہاں ضابطے کی کارروائی کے تحت ان کا طبی معائنہ کروانے کے لیے سرکاری مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ جیسے ہی ہسپتال سے لڑکی کی طبی رپورٹ موصول ہوگی متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








