کراچی کے تاریخی علاقے لیاری میں بلدیاتی مسائل اور عوامی مشکلات پر پاکستان پیپلز پارٹی کے اپنے ہی مقامی عہدیداروں کا صبر جواب دے گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے جس میں پی پی پی لیاری کے مقامی رہنما میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے دفتر میں ان پر سخت برہم دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں رہنماؤں کا غصہ اور مایوسی دیدنی ہے جہاں وہ علاقے کی زبوں حالی پر دہائیاں دیتے نظر آ رہے ہیں۔
لیاری کے لوگ ہمیں گالیاں دے رہے ہیں۔پی پی کے عہدیداروں کی قابض مئیر کراچی سےدہائیاں۔۔
نہ پانی نہ بجلی نہ گیس۔سیوریج سے روڈیں تباہ۔۔
مگر زرداری سمیت پوری حکومت لیاری کے مسائل حل نہیں کررہی۔۔پی پی کے عہدیدار pic.twitter.com/f1ae9M24vE— زاھد منصوری (@ZahidMansori) June 24, 2026
میئر کراچی کے سامنے اپنے دل کی بھڑاس نکالتے ہوئے لیاری کے مقامی رہنما نے اعتراف کیا کہ اہل محلہ اور کراچی کی عوام اب ہمیں سیدھی گالیاں دیتے ہیں۔ انہوں نے انتہائی مایوسی کے عالم میں کہا کہ اس شدید شرمندگی کی وجہ سے اب ہم کسی کو منہ دکھانے اور کچھ بولنے کے قابل بھی نہیں رہے ہیں۔
مقامی قیادت نے میئر کے سامنے علاقے کا نقشہ کھینچتے ہوئے کہا کہ لیاری کے لوگ اس وقت شدید ترین اذیت اور کرب سے گزر رہے ہیں اور پورا لیاری تباہ و برباد ہو کر رہ گیا ہے۔
علاقے میں نہ تو پینے کا پانی ہے، نہ بجلی اور نہ ہی گیس دستیاب ہے جبکہ ہر طرف دھول مٹی اڑ رہی ہے اور سیوریج کا گندا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے جس نے راستوں کو تباہ کر دیا ہے۔
لیاری کی مقامی رہنماؤں نے میئر کراچی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کے فنڈز موجود ہونے کے باوجود انتظامیہ لیاری کی ایک سڑک بھی درست کروانے میں ناکام رہی ہے۔
پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم تین سال سے عوام کو جھوٹی تسلیوں اور دلاسے دے رہے ہیں مگر اب تھک چکے ہیں کیونکہتین سال گزرنے کے باوجود ایک بھی مسئلہ حل نہیں ہو سکا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر یہ مسائل کیسے حل ہوں گے؟ اگر اب بھی ان پر توجہ نہ دی گئی تو ہمارے پاس پریس کلب کے باہر جا کر بھرپور احتجاج ریکارڈ کروانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچے گا۔
مقامی عہدیدار نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اس حوالے سے کئی بار وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے براہ راست بات کی مگر ان کا ہر بار یہی کہنا ہوتا ہے کہ یہ تمام معاملات خود پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دیکھ رہے ہیں۔
پی پی لیاری کے رہنما نے الزام لگایا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو سے لیاری کے اصل اور بدترین حالات کو جان بوجھ کر چھپایا جا رہا ہے اور انہیں اس معاملے پر مسلسل مس گائیڈ (گمراہ) کیا جا رہا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ چیئرمین کو پتہ چلے کہ لیاری کے اصل حالات کیا ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








