عیدالاضحیٰ کی 2 روزہ تعطیلات کے بعد تیسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی جہاں سرمایہ کاروں کی نئی دلچسپی کے باعث مارکیٹ نے مثبت انداز میں کاروبار کا آغاز کیا اور بینچ مارک انڈیکس ابتدائی ٹریڈنگ میں نمایاں اضافے کے ساتھ آگے بڑھا۔
مارکیٹ میں مختلف اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کا رجحان بہتر دکھائی دیا جبکہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی بھی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔
دوپہر 12 بج کر 24 منٹ تک پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک انڈیکس 1 ہزار 424 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 1 لاکھ 73 ہزار 150 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا جو 0.83 فیصد بہتری کو ظاہر کرتا ہے۔
مارکیٹ میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پاور جنریشن سیکٹر میں سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی دیکھی گئی۔ انڈیکس میں زیادہ وزن رکھنے والے شیئرز جیسے حبکو، ماری، پی او ایل، ایچ بی ایل، این بی پی مثبت زون میں ٹریڈ کرتے رہے جس سے مارکیٹ کے مجموعی رجحان کو سہارا ملا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








