راولپنڈی: عوامی لیگ کے سربراہ و سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ الیکشن ہوں گے اورعدلیہ اور قانون ہر صورت جیتے گا۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ الیکشن 10 دن پہلے ہوں یا بعد میں، ہونے ضرور ہیں۔ آٹے کی لائن میں 29 جانیں چلی گئیں۔ حکومت نے رمضان میں 20 ارب کی دیہاڑی بھی لگائی۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ بکتر بند گاڑیاں دروازے کس کے حکم پر توڑتی ہیں۔
آبادی شمار ہوئی تو وڈیروں کی چھٹی ہوجائیگی۔حافظ نعیم الرحمان
ٹوئٹر پیغام میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کا کیا بنا؟ پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ الیکشن ہر صورت ہوں گے۔ امید کرتے ہیں عدلیہ فیصلہ کرنے سے قبل مذاکرات کی کامیابی یا ناکامی کو بھی دیکھے گی کہ مذاکرات بہانہ یا الیکشن کروانا ہے۔
سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ 10 مئی تک فیصلہ ہوجائے گا کہ الیکشن ہوں گے یا بہانہ کیا گیا۔ روزانہ آڈیو ویڈیو کھیلنے والوں کے اپنے وزیرِ خارجہ اور وزیر اعظم کی آڈیو بھی لیک ہوچکی، رواں ہفتے قوم سپریم کورٹ سے اہم فیصلوں کی توقع کر رہی ہے۔