اسلام آباد: وفاقی وزیرِ توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور نہ ہی اس طرح کی کوئی تجویز زیر غور ہے۔
وفاقی وزیرِ توانائی خرم دستگیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بل میں اضافے کے حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ سرکلر ڈیٹ میں اضافے کی وجہ سیلاب ہے جس سے ادائیگی کا توازن خراب ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرڈ سٹیشن کی تعمیر سے سرگودھا میں بجلی کی ترسیل بہتر ہوگی، گرڈ سٹیشن تین جگہ سے لنک کیا جائے گا جبکہ گرڈ سٹیشن کینو پراسیسنگ فیکٹریوں کو بھی سہولت ملے گی۔
نائجیریا کا کرپٹو کرنسیوں کو تسلیم کرنیکا فیصلہ، جلد بل پاس کیا جائیگا
وفاقی وزیر نے کہا کہ تھرکول منصوبے کی ابتدا نواز شریف نے کی جبکہ گوادر سے خنجراب تک جہاں بھی ترقی نظر آئے گی وہاں شیر کا نشان ہوگا۔ اب دیا جلانے والوں کی حکومت ہے جبکہ آئندہ تین چار ماہ میں مہنگائی میں واضح کمی ہوگی اور جنہوں نے پہلے بھی کرکے دکھایا ہے وہی کریں گے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایک جھوٹا اور بدکردار شخص پاکستان کی ترقی نہیں کرسکتا جبکہ یہ ملک بد کرداری اور جھوٹ کی نحوست کی وجہ سے ہی تباہ ہوا ہے۔
نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ بہت جلد نواز شریف پاکستان میں ہونگے اور وہ ہی ایک بار پھر ملک کو ترقی کی موٹروے پر ڈالیں گے۔