لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب اسمبلی کی تحلیل پر تقسیم کا شکار نظر آرہی ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اس ماہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا اعلان کیا ہے۔
ایک نجی چینل نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ مسلم لیگ (ق) کی قیادت اراکین صوبائی اسمبلی اور دیگر قریبی معاونین کے ساتھ پنجاب اسمبلی کی تحلیل پر تبادلہ خیال کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے پارٹی ایم پی ایز سے مشورہ لیا ہے کہ کیا وہ آزاد حیثیت سے لڑیں یا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ اتحاد شامل رہیں، ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے اکثر پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد میں الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔
مسلم لیگ ق کے متعدد رہنماؤں نے قبل از وقت انتخابات کی حمایت کی لیکن پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی مخالفت کی ہے۔اطلاعات کے مطابق پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔
اس سے قبل، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کو وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کا عمل ملتوی کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
مزید پڑھیں:موٹروے ایم 6 منصوبہ 30 ماہ میں مکمل کیا جائیگا، وزیراعظم
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ ملک کو درپیش مسائل کا واحد حل فوری انتخابات ہیں۔