اسلام آباد: ترک کمانڈر جنرل یاشر گلر نے وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی سے خصوصی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور دفاعی تعاون کے امور پر گفتگو کی گئی ۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ترک مسلح افواج کے کمانڈر جنرل یاشر گلر نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر قائم مقام چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آ ف آنر پیش کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ نے بتایاکہ معزز مہمان نے نیول ہیڈکوارٹرز میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ نے بتایاکہ ترک کمانڈر نے وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی سے خصوصی ملاقات کی جس میں ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور دفاعی تعاون کے امور پر بات چیت ہوئی۔
ترجمان کے مطابق معزز مہمان کو کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ترجمان نے بتایاکہ ترک کمانڈر کا یہ دورہ دونوں ملکوں بالخصوص مسلح افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔