کراچی:سیاسی افق پر بے یقینی کی کیفیت کے باوجودپاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روزپیرکوغیرمعمولی تیزی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس کی 9بالائی حدیں بحال ہوگئیں اور کے ایس ای100انڈیکس 35277پوائنٹس کی سطح پر بندہوا۔
تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاری مالیت میں1کھرب25ارب15کروڑ روپے سے زائدکااضافہ ،کاروباری حجم گذشتہ روزکی نسبت32.24فیصدزائد جبکہ75.13فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج، معاشی اشاریوں میں بہتری کے باعث حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہائوس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے سیمنٹ، توانائی، بینکنگ،فوڈزاورکیمیکل سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹرکی پرکشش سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پرخریداری کے باعث کاروبار کاآغاز مثبت زون میں ہوا۔
کے ایس ای100 انڈیکس کی10بالائی حدیں بحال ہوگئیں اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس35309پوائنٹس کی سطح پر بھی ریکارڈ کیاگیا،اتارچڑھائو کے باعث کے ایس ای100 انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکاتاہم تیزی کا تسلسل سارادن جاری رہا۔
مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس899.85پوائنٹس اضافے سے35277.46پوائنٹس پر بندہوا۔پیر کومجموعی طورپر370کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے278 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،80کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ12کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔
مزید پڑھیں : ملکی سیاست میں تیزی نے اسٹاک مارکیٹ کو دوبارہ مندی کا شکار کردیا