چٹا گانگ:چٹاگانگ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بنگلا دیش نے 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 39 رنز بنالیے۔پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں بنگلا دیش نے 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 39 رنز بنالیے، پاکستان پر 93 رنزکی سبقت بھی حاصل کرلی ہے۔
پاکستان نے تیسرے دن کا کھیل بغیر کسی نقصان کے 145 رنز سے شروع کیا تو 52 رنز پر عبداللہ شفیق آؤٹ ہوگئے، اگلی ہی بال پر بنگلہ دیشی بالر نے اظہر علی کو بغیر کھاتا کھولے پویلین بھیج دیا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم صرف 10 رنز بناسکے جبکہ فواد عالم بھی صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور واپس پویلین چلے گئے۔وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی بنگلا دیشی بولرز کا سامنا نہ کرسکے اور صرف 5 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
میزبان ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف سنچری اسکور کرنے والے عابدعلی نے 133 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور آؤٹ ہوگئے جس کے بعد پوری قومی ٹیم 286 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیل کے دوسرے روز بنگلا دیش کی ٹیم اسکور میں صرف 77 رنز کا ہی اضافہ کرسکی اور 330 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جب کہ پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے کھیل کے اختتام پر 145 رنز بنالیے تھے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے عمدہ پرفارمنس دکھاتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور فخرزمان نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
مزید پڑھیں: پہلا ٹیسٹ میچ، بنگلہ دیش کے 330 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 286 پر آل آؤٹ