ژوب سے لاپتا ساتویں جماعت کا طالب علم کوئٹہ سے بازیاب! 3 ملزمان گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

ژوب سے لاپتا ہونے والے ساتویں جماعت کے طالب علم بریال خان مندوخیل کو کوئٹہ پولیس نے کامیاب کارروائی کے بعد بازیاب کرلیا جبکہ پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے شبہ میں تین افراد کو حراست میں لے لیا۔

14 سالہ بریال خان کے لاپتا ہونے کے بعد معاملہ سوشل میڈیا پر بھی نمایاں ہوا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سٹی ژوب میں درج کیا گیا جس کے بعد طالب علم کی تلاش اور بازیابی کے لیے پولیس نے مختلف ٹیمیں تشکیل دیں۔

پولیس کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر جاری کوششوں کے نتیجے میں ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیاء مندوخیل کی نگرانی میں کارروائی کی گئی، جس میں طالب علم کو بحفاظت تلاش کرلیا گیا۔

پولیس نے کارروائی کے دوران صابر شاہ، عبدالسلام اور انعام اللہ نامی تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ بازیاب طالب علم اور زیرِ حراست افراد کو پولیس کی سخت نگرانی میں کوئٹہ سے ژوب منتقل کردیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ژوب میں مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے جس کے دوران طالب علم کے لاپتا ہونے کے پسِ پردہ محرکات اور گرفتار افراد کے ممکنہ کردار کا تعین کیا جائے گا۔

Related Posts