بچوں سے بدفعلی کے 386، خواتین سے زیادتی کے 414 کیسز! لاہور میں جرائم کا خوفناک ریکارڈ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

صوبائی دارالحکومت میں قانون کی عملداری اور شہریوں کے تحفظ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ لاہور میں رواں سال کے پہلے 7 دوران بچوں، لڑکیوں اور لڑکوں کے اغوا، جنسی زیادتی اور گینگ ریپ کے مجموعی طور پر 6092 مقدمات درج کیے گئے ہیں جن کے ہولناک اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد شہریوں اور والدین میں شدید خوف و ہراس اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

پولیس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق شہر بھر میں کم عمر بچوں کے اغوا کے 1162 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ڈویژن وار جائزہ لیا جائے تو سب سے زیادہ کیسز کینٹ ڈویژن میں 310 رپورٹ ہوئے جبکہ صدر ڈویژن میں 224، ماڈل ٹاؤن میں 229 اور سٹی ڈویژن میں 182 بچوں کے اغواء کے مقدمات سامنے آئے۔

لڑکیوں اور لڑکوں کے اغوا کے مجموعی طور پر 4070 مقدمات درج کیے گئے جن میں بھی کینٹ ڈویژن سرفہرست رہا جہاں 1092 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں خواتین اور مردوں کے اغوا کے 814 مقدمات درج کیے گئے۔

خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے 414 اندوہناک مقدمات بھی رپورٹ ہوئے جن میں سب سے زیادہ کیسز صدر ڈویژن میں 106 سامنے آئے۔ اس کے علاوہ کینٹ ڈویژن میں 90، ماڈل ٹاؤن میں 82 جبکہ اقبال ٹاؤن میں 66 مقدمات درج کیے گئے۔

دوسری جانب معصوم بچوں کے ساتھ بدفعلی کے 386 ہولناک واقعات بھی سامنے آئے جن میں کینٹ ڈویژن میں 96، صدر ڈویژن میں 81 اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 62 کیسز رپورٹ ہوئے۔

خوفناک حقائق کا سلسلہ یہیں نہیں رکا بلکہ شہر میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران گینگ ریپ کے 54 گھناؤنے مقدمات درج کیے گئے جن میں سب سے زیادہ کیسز کینٹ ڈویژن میں 18، ماڈل ٹاؤن میں 12 اور صدر ڈویژن میں 10 رپورٹ ہوئے۔

ادھر اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ انویسٹی گیشن ونگ کا اسپیشل ایس او ایس آئی یو سیل سنگین جنسی جرائم میں ملوث سفاک ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے میں پوری طرح ناکام ثابت ہوا ہے۔ ناقص تفتیش اور کمزور قانونی کارروائی کے باعث گزشتہ تین سالوں کے دوران عدالتوں سے ایک بھی ملزم کو عبرت ناک سزا نہیں دلوائی جا سکی ہے۔

ذرائع نے مزید یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ جنسی درندگی اور اغوا کے متعدد سنگین مقدمات میں نامزد مطلوب ملزمان تاحال دندناتے پھر رہے ہیں اور پولیس کی گرفت سے باہر ہیں جس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی اور سکیورٹی انتظامات پر انتہائی سنگین سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔

Related Posts