قرض واپس نہ کرنے پر مزدور کی زبان کاٹ دی! نامزد ملزمان سمیت جعلی صحافی گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

سرگودھا کی تحصیل بھلوال میں قرض واپس نہ کرنے پر ایک محنت کش کے ساتھ مبینہ طور پر انسانیت سوز سلوک کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ خاندان کے مطابق مدینہ کالونی کے رہائشی عبدالحفیظ نے مشین مالک سے قرض لیا تھا۔

اہلِ خانہ کا الزام ہے کہ قرض کی رقم واپس نہ کرنے پر عبدالحفیظ کو مبینہ طور پر دو ماہ تک یرغمال بنا کر رکھا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا بعد ازاں ان کی زبان کاٹ کر انہیں شدید زخمی حالت میں مقامی سبزی منڈی کے قریب پھینک دیا گیا۔

خاندان کے مطابق عبدالحفیظ کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اہلِ خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

خاندان نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ ایک مقامی شخص جو خود کو صحافی ظاہر کرتا تھا نے پولیس کے نام پر ان سے 50 ہزار روپے لیے اور معاملہ حل کروانے کی یقین دہانی کرائی تاہم مبینہ طور پر کوئی مدد نہیں کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نامزد ملزمان سمیت خود کو صحافی ظاہر کرنے والے شخص کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش، شواہد اکٹھے کرنے اور تمام ملوث افراد کا تعین کیا جا رہا ہے۔

بھلوال کی صحافی برادری اور متاثرہ خاندان نے ڈی پی او سرگودھا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ تحقیقات میں الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داران کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ہوسکے۔

Related Posts