29 سالہ ازدواجی سفر کا اختتام، سینئر اداکارہ صبا حمید کی طلاق کی تصدیق

تازہ ترین

تازہ ترین

اداکارہ صبا حمید، فائل فوٹو
اداکارہ صبا حمید، فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار وسیم عباس نے پہلی بار اداکارہ صبا حمید سے اپنی علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ دونوں کئی برس قبل ایک دوسرے سے الگ ہوچکے تھے، جبکہ ان کی 29 سالہ ازدواجی زندگی قانونی طور پر بھی اختتام کو پہنچ چکی ہے۔

وسیم عباس اور صبا حمید کا شمار طویل عرصے تک پاکستانی شوبز کی معروف اور باوقار جوڑیوں میں کیا جاتا رہا۔ دونوں نے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے، جبکہ ان کی نجی زندگی کو بھی ایک مثالی رشتے کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔

حالیہ انٹرویو میں وسیم عباس نے بتایا کہ وہ اور صبا حمید گزشتہ 14 برس سے الگ رہ رہے تھے۔ ان کے مطابق اگرچہ دونوں نے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا تھا، تاہم اس کے باوجود ان کے درمیان احترام اور خوشگوار تعلقات برقرار رہے۔

اداکار نے کہا کہ علیحدگی کے بعد بھی وہ مختلف منصوبوں میں ایک ساتھ کام کرتے رہے اور کبھی کبھار دوستوں کی حیثیت سے ملاقاتیں بھی ہوتی رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں کسی ڈرامے میں دوبارہ صبا حمید کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو وہ ضرور کریں گے۔

طلاق کے حوالے سے وسیم عباس نے کہا کہ انہیں اس فیصلے پر کوئی افسوس یا دکھ نہیں، کیونکہ وقت کے ساتھ ان دونوں کے درمیان وہ جذبات باقی نہیں رہے تھے جن پر ازدواجی رشتہ قائم رہ سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس شادی سے ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔

وسیم عباس کے مطابق صبا حمید کے اہلِ خانہ کے ساتھ بھی ان کے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی نظر میں محبت کے ساتھ ساتھ باہمی احترام بھی بہت اہم ہے اور دونوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کی عزت کو مقدم رکھا۔

اداکار نے بتایا کہ نہ انہوں نے کبھی میڈیا میں صبا حمید کے خلاف کوئی بات کی اور نہ ہی صبا حمید نے ان کے بارے میں کوئی نامناسب بیان دیا۔ دونوں نے اپنی نجی زندگی کے معاملات کو وقار کے ساتھ سنبھالا۔

دوسری شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے وسیم عباس نے کہا کہ اس وقت انہیں یہ فیصلہ درست محسوس ہوا تھا، تاہم آج ماضی کو دیکھتے ہوئے انہیں لگتا ہے کہ شاید یہ درست انتخاب نہیں تھا۔

تیسری شادی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ فی الحال ان کا دوبارہ شادی کا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کے مطابق وہ دادا بن چکے ہیں، ان کے بچے ان کے ساتھ ہیں اور ان کی پہلی اہلیہ بھی اسی گھر میں رہتی ہیں، اس لیے اب شادی کا نہیں سوچ رہے۔

Related Posts