میر رضا کیس کی تفتیشی ٹیم میں مزید 2 افسران شامل، تعداد 9 ہوگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

میر رضا
(فوٹو: آن لائن)

کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کیس کی تحقیقات میں مزید پیش رفت ہوئی ہے۔ تفتیشی ٹیم میں دو نئے افسران کو شامل کرلیا گیا ہے، جس کے بعد ٹیم کے ارکان کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی ایس پی حنیف خان اور انسپکٹر غلام نبی آفریدی کو تفتیشی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ انسپکٹر غلام نبی آفریدی کو نئی ٹیم نے خود شامل کیا، جبکہ ڈی ایس پی حنیف خان کو میر رضا کے اہل خانہ اور وکیل کی سفارش پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی ایس پی حنیف خان جیو فینسنگ کے ماہر افسر سمجھے جاتے ہیں۔ دونوں افسران کی شمولیت کے بعد تفتیشی ٹیم کے ارکان کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل 11 اگست کو بھی تحقیقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دو افسران ٹیم میں شامل کیے گئے تھے۔

اس سے قبل 11 اگست کو ڈی ایس پی سراج الدین اور انسپکٹر محمد علی کی شمولیت کے بعد تفتیشی ٹیم کے ارکان کی تعداد 7 ہوگئی تھی جبکہ اس سے بھی پہلے میر رضا کی قبرکشائی کے بعد تحقیقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس کی سربراہی ڈی آئی جی عامر فاروقی کررہے تھے۔

کمیٹی کے سیکرٹری ایس ایس پی آر آر ایف علی رضا تھے، جبکہ ایس پی انویسٹی گیشن کورنگی قیس خان، ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل انعم تجمل اور ایس آئی او زمان ٹاؤن چوہدری غضنفر بھی کمیٹی میں شامل تھے۔ بعد ازاں مزید افسران کی شمولیت سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا۔

کیس کا پس منظر

میر رضا علی 28 جولائی کو کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سے لاپتہ ہوئے تھے۔ وہ صبح 4 بج کر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے روانہ ہوئے، تاہم دو روز بعد ان کی لاش گلستانِ جوہر کے ایک گیسٹ ہاؤس کے باہر سے برآمد ہوئی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق میر رضا کی لاش انتہائی خراب حالت میں ملی تھی اور سینے پر گولی لگنے کا نشان موجود تھا۔ لاش ملنے سے ایک روز پہلے ان کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بند کردیئے گئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Related Posts