واشنگٹن: امریکی ریاست فلوریڈا میں طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 1 پائلٹ ہلاک ہوگیا ہے جبکہ طیارے نے قریبی ائیرپورٹ سے پرواز شروع کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق طیارہ گرنے کا واقعہ فلوریڈا کے جنوبی علاقے پیمبروک پائنز میں پیش آیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سنگل انجن طیارہ ہالی ووڈ شاپنگ سینٹر کے قریب گرا۔
بھارت میں حالات کشیدہ، پانی کی بوتل 100روپے لیٹر ہوگئی
خوفناک حادثے کے نتیجے میں طیارہ تباہ جبکہ پائلٹ ہلاک ہوگیا تاہم اس دوران فلوریڈا کے شہریوں کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔ ہالی ووڈ پولیس نے طیارے کے زمین پر گرنے کی تصدیق کردی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جب طیارہ زمین پر گرا تو حادثے کے باعث آگ بھڑک اٹھی، واقعے کی اطلاع ملنے پر فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ طیارے کا ملبہ جائے وقوعہ سے ہٹایا جاچکا ہے۔
تاحال طیارہ گرنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ ہالی ووڈ بولیورڈ اور میموریل ریجنل ہسپتال کے قریب 450این پارک روڈ پر گرا تھا۔
حادثے سے قبل یہ طیارہ پیمبروک پائنز کے نارتھ پیری ائیرپورٹ سے روانہ ہوا۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں۔