اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر کل 271 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کردی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت اس وقت معطل کر دی جب وہ اپنے اثاثوں اور واجبات کی لازمی گوشوارے جمع کرانے میں ناکام رہے جو سال کے آخر میں داخل کرنا ضروری ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے معطل کیے گئے ارکان میں قومی اسمبلی کے 136، سینیٹ کے 21، خیبرپختونخوا (کے پی) اسمبلی کے 54، سندھ اسمبلی کے 48 اور بلوچستان اسمبلی کے 12 ارکان شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق معطل کیے گئے ارکان میں پاکستان مسلم لیگ نواز ن کے رہنما احسن اقبال، خواجہ آصف اور محسن رانجھا اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:تحریک انصاف قومی اسمبلی میں آتی ہے تو ویلکم کریں گے، رانا ثناء اللہ
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا کہ قانون ساز پارلیمانی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکتے اور جب تک وہ اپنے متعلقہ گوشوارے جمع نہیں کراتے ان کی رکنیت معطل رہے گی۔