کیلیفورنیا کے جنگلات کی آگ پر ہوائی جہازوں سے گرتا ہوا گلابی اور سرخ پاؤڈر دراصل ایک فائر ریٹارڈنٹ ہے جو آگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ تجارتی طور پر فوسشی کے نام سے جانا جانے والا یہ مادہ آگ کے ارد گرد رکاوٹیں پیدا کرتا ہے، آکسیجن کو کم کرتا ہے اور جلنے کے عمل کو سست کر دیتا ہے۔
اس پاؤڈر میں 80% پانی ، 14% کھاد جیسے نمکیات ، 6% رنگ اور زنگ روکنے والے اجزاء ہوتے ہیں اور اسکاگلابی رنگ پائلٹس اور فائرفائٹرز کو پاؤڈر کی کوریج دیکھنے میں مدد دیتا ہے۔
1963 سے استعمال میں، فوسشی دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا فائر ریٹارڈنٹ ہے، جو ہوائی جہازوں کے ذریعے خطرناک علاقوں پر گرایا جاتا ہے۔ کیونکہ یہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکتا ہے اور فائرفائٹرز کو آگ بجھانے کا وقت دیتا ہے۔
2022 میں ایک مقدمے میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ کیمیکل پانی کے قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے اور آبی حیات کو نقصان پہنچاتا ہے۔ اس کے بعد فارمولے میں تبدیلی کی گئی تاکہ ماحولیاتی اثرات کو کم کیا جا سکے۔ حساس ماحولیات جیسے دریاؤں اور نایاب نسلوں کے مسکن میں اس کے استعمال کو محدود کر دیا گیا۔
فوسشی کے مینوفیکچررز مشورہ دیتے ہیں کہ پاؤڈر کو جلد سے جلد صاف کیا جائے، کیونکہ زیادہ دیر رہنے پر یہ سخت ہو سکتا ہے۔اگرچہ یہ طریقہ جنگلات کی آگ پر قابو پانے میں مددگار ہے، لیکن اس کے ماحولیاتی اثرات پر اب بھی بحث جاری ہے۔