محکمہ موسمیات نے 27 اگست سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آئندہ ایک سے دو دن تک موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کی توقع ہے جہاں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے تاہم 27 اگست سے شروع ہونے والے اس نئے اسپیل کے دوران بارش کے ساتھ ساتھ تیز رفتار ہوائیں چلنے کی بھی نوید سنائی گئی ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔
دوسری جانب ساحلی شہر کراچی کے باسیوں کو فی الحال حبس اور تپش سے نجات ملتی دکھائی نہیں دے رہی۔ سمندری ہواؤں کی رفتار مدھم پڑنے اور فضا میں نمی کے کثیر تناسب کی وجہ سے شہریوں کو درجہ حرارت کی نسبت گرمی کی شدت کہیں زیادہ محسوس ہونے کا خدشہ ہے۔
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے جبکہ موجودہ پارہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس وقت فضا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے اور جنوب مغربی سمت سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
پنجاب کی تو صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبے کے بیشتر علاقوں میں سورج کی تپش اور حبس کا راج برقرار رہے گا۔ پیشگوئی کے مطابق، لاہور کا کم از کم درجہ حرارت 29 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے حوالے سے موسمیاتی محکمے کا بتانا ہے کہ وہاں بھی عمومی طور پر موسم گرم اور مرطوب رہے گا خاص طور پر پشاور میں پارہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے تاہم صوبے کے کچھ علاقوں جن میں دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، تورغر، ہری پور اور جنوبی وزیرستان شامل ہیں، وہاں کہیں کہیں بارش ہونے کی توقع ہے۔
اس بدلتی ہوئی موسمی صورتحال کے پیش نظر حکام کی جانب سے شہریوں کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شدید گرمی میں اپنا خیال رکھیں اور احتیاط برتیں جبکہ متوقع بارش، آندھی اور گرج چمک کے دوران غیر ضروری سفر اور گھروں سے نکلنے سے سختی سے گریز کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








