بیرون ملک مقیم 33 ریٹائرڈ افسران کو کروڑوں کی پینشن! وزارتِ خارجہ کی رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ملکی معیشت اور سرکاری خزانے سے جڑے اسکینڈل میں ایک اور حیرت انگیز باب کا اضافہ ہو گیا ہے جہاں افسرشاہی کا نیا اور دنگ کر دینے والا کارنامہ سامنے آیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کی گئی رپورٹ نے سب کو چونکا دیا ہے جس کے مطابق مختلف سرکاری اداروں سے سبکدوش ہونے والے 33 اعلیٰ افسران ملک چھوڑ کر بیرون ملک جا بسے ہیں اور وہاں سے غیر ملکی کرنسی میں اپنی بھاری بھرکم پینشن وصول کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی حکومت ان بیرون ملک مقیم ریٹائرڈ افسران کو سالانہ مجموعی طور پر 34 کروڑ 21 لاکھ روپے کی بڑی رقم بطور پینشن ادا کر رہی ہے۔ اس حوالے سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں سکونت پذیر ان میں سے کئی افسران کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے پینشن کی ادائیگی ان کے مقامِ رہائش کے حساب سے ملکی کرنسی میں بھی کی جا رہی ہے۔

اس پورے معاملے کا ایک اور تشویشناک پہلو یہ بھی ہے کہ جو سبکدوش ہونے والے افسران ملکی کرنسی میں اپنی پینشن وصول کر رہے ہیں ان کے مصدقہ اور مکمل اعداد و شمار تاحال وزارتِ خارجہ کے پاس موجود ہی نہیں ہیں۔

Related Posts