ابھی گزشتہ زلزلے کے اثرات ختم نہیں ہوئے مگر! کولمبیا دوبارہ خوفناک جھٹکوں سے لرز اٹھا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

کولمبیا ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا جہاں منگل کی صبح 5.2 شدت کے زلزلے نے شہریوں میں خوف و تشویش پیدا کردی۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز (GFZ) نے بتایا ہے کہ زلزلہ منگل کی صبح آیا جس کا مرکز ابتدائی طور پر 4.43 ڈگری شمالی عرض البلد اور 76.74 ڈگری مغربی طول البلد میں زمین سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں ریکارڈ کیا گیا۔

کولمبیا میں یہ زلزلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب ملک گزشتہ ماہ آنے والے ایک شدید زلزلے کے اثرات سے اب بھی نمٹ رہا ہے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 250 سے تجاوز کرچکی ہے۔

گزشتہ ماہ آنے والے 7.4 شدت کے زلزلے کے بعد تقریباً 100 آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے تھے جس سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال مزید سنگین ہوگئی تھی۔

شدید زلزلے کے باعث رہائشی عمارتوں، مکانات، اسکولوں اور طبی مراکز کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا تھا۔ متعدد عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں جبکہ کئی عمارتیں ایک جانب جھک گئیں یا مکمل طور پر منہدم ہوگئیں۔

زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں ریسکیو ٹیموں نے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے رات بھر امدادی کارروائیاں جاری رکھیں۔

سرکاری اہلکاروں نے کرینوں اور کھدائی کرنے والی مشینوں کی مدد سے ملبہ ہٹایا جبکہ بعض مقامات پر دشوار حالات کے باعث ریسکیو اہلکاروں نے ہاتھوں سے ملبہ صاف کرکے متاثرین تک پہنچنے کی کوشش کی۔

Related Posts